آسنسول، 12/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال میں بی جے پی کے ایک کارکن کو فرقہ وارانہ ماحول خراب کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔کارکن پر سوشل میڈیا کے ذریعے ماحول بگاڑنے کا الزام ہے۔گرفتار کارکن ترون کو بیربھوم کے سوری ضلع کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ترون بی جے پی آئی ٹی سیل کا چیف ہے۔آسنسول سے گرفتار ترون کاگھر برن پور میں ہے جو کہ ابھی بند ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے بنگال میں ماحول کشیدہ ہیں،حال ہی میں بشیر ہاٹ میں ایک فیس بک پوسٹ کے بعد تشدد پھیل گیا تھا۔غورطلب ہے کہ مغربی بنگال کے بشیر ہاٹ میں گزشتہ جمعرات سے کشیدگی پھیلنے کی خبر کے بعد پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑے ا ور لاٹھی چارج کیا،اس کے علاوہ، ریاستی حکومت نے لوگوں کو مبینہ طور پر اکسانے کو لے کر کچھ تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایاکہ ضلع کے بدوریا میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے بعد بشیر ہاٹ قصبے اور سٹیشن کے علاقے میں دوبارہ کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔مشتعل بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے اور لاٹھی چارج کرنا پڑا۔بدوریا اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں ایک فیس بک پوسٹ کو لے کر فرقہ وارانہ جھڑپ ہو گئی تھی۔